جیونی: پانی کی قلت کے خلاف عوام سراپا احتجاج

435

 

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے تحصیل جیونی میں پانی کی قلت کے خلاف عوام ایک بار پھر سراپا احتجاج بن گئے –

منگل کے روز جیونی کے شہریوں نے بڑی تعداد میں احتجاج کرتے ہوئے مرکزی بازار میں ریلی نکالی اور پانی کی عدم فراہمی کے نعرہ بازی کی گئی –

مظاہرین نے کہا کہ جیونی میں پانی کی قلت پیدا کیا گیا ہے-

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جیونی میں پانی کی قلت کا مسئلہ کہیں دہائیوں سے چلتا آرہا ہے مگر محکمہ پبلک ہیلتھ، ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندے، اور صوبائی حکومت پانی بحران پر قابو کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں اُنہیں جیونی کے شہریوں کی مشکلات اور تکالیف کا کوئی احساس تک نہیں ہے اور صرف یقین دہانیوں پر جیونی کے مکینوں کو ٹرخا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیونی کے مکین پانی کی بروقت عدم دستیابی کی وجہ سے شدید پریشانی و مشکلات کے شکار ہیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پیاسے عوام کے صبر مزید امتحان نہ لیں اور فوری طور پر جیونی و گردنواح میں بروقت پانی فراہمی کو یقینی بنایا جائےـ

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ جیونی اور گوادر کے رہائشی ہر دن سڑکوں پر نکل کر اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں لیکن ذمہ دار محکمہ خواب غفلت میں ہیں –

انہوں نے کہا کہ جیونی کو پانی فراہم کرکے یہاں لوگوں کو پیاس کی موت سے بچایا جائے –

خیال رہے کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے اور آئے روز وہاں کے مکین سراپا احتجاج ہیں –

تاہم ابتک بلوچستان حکومت کی جانب سے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے ہیں جس سے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے –