تُمپ : بوائر ڈگری کالج میں سائنس اور آرٹس نمائش

405

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تُمپ کی تاریخ میں پہلی بار گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں پرنسپل فدا احمد کی سربراہی میں دو روزہ سائنس اور آرٹس نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

نمائش میں پروفیسر ، سماجی کارکنان، طلبا و طالبات اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، طلبا و طالبات نے مختلف ڈیزائن کے ماڈلز بنائے اور ان ڈیزائن کیے گیے ماڈلز کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا، ان ڈیزائن کیے گیے ماڈلز کے بارے میں طلبا و طالبات نے شرکاء کو بریف کیا۔

بانک عندلیب گچکی نے نمائشی پروگرام کے اختتمامی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ طلبا اور طالبات کو مشترکہ طور پر مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

عندلیپ گچکی نے کہا کہ ہمارے طلبا و طالبات نے وسائل کی قلت کے باوجود اور قلیل وقت میں یہ ماڈلز انتہائی مہارت سے تیار کیے اور ثابت کیا کہ وہ کسی سے کم نہیں۔

پروفیسر ظہیر الٰہی نے کہا میں تمام طلباء کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے بڑی محنت اور مہارت سے اپنے اسائنمنٹس کو پورا کیا، پروفیسر اِلٰہی نے مزید کہا کہ تمام طلباء کی بنائی گئی ماڈلز قابلِ ستائش ہیں، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تقاریب سے مختلف النوع علوم و فنون اور تکنیکیں پیدا ہوتی ہیں۔

پروگرام کے اختتام میں پرنسپل فدا احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال میں ہم مزید بہتر انداز میں تقاریب منعقد کرینگے، آپ نے طلباء کی تیار کردہ پروجیکٹس کی تعریف کی، ان میں شیلڈز تقسیم کیے اور تمام طلباء کو انعامات سے بھی نوازا۔