تربت حملے میں لیفٹنٹ کرنل سمیت چار اہلکار زخمی

681
فائل فوٹو

 

کیچ کے مرکزی شہر تربت میں ہونے والے بم دھماکے میں لیفٹنٹ کرنل سمیت چار اہلکار زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

باوثوق ذرائع کے مطابق زخمی لیفٹنٹ کرنل کی شناخت عاطف کے نام سے ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ پیر کی شب تربت کے علاقے آبسر میں ایف سی کانوائے کو نامعلوم افراد نے بم حملے میں نشانہ بنایا دھماکے سے 4 اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تربت اور گردونواح میں فورسز پر اس نوعیت کے حملے عموماً ہوتے رہتے ہیں جنکی ذمہ داریاں بلوچ آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتے ہیں۔

گذشتہ سال 13 اگست کو اسی علاقے میں پاکستانی فورسز کے کانوائے میں شامل گاڑی کو موٹر سائیکل پر نصب دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں فورسز اہلکاروں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

دھماکے کے بعد فورسز اہلکاروں نے قریبی باغ سے طالب علم حیات بلوچ کو حراست میں لینے کے بعد سڑک کنارے گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔

قبل ازیں گذشتہ سال آٹھ مئی کو ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں پاکستانی فورسز پر ہونے والے ایک شدید نوعیت کے حملے میں پاکستان فوج کے ایک میجر سمیت چھ اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ مذکورہ حملے میں نشانہ بننے والے اہلکار گولڈ سمڈ لائن پر جاری کام کا جائزہ لینے جارہے تھیں کہ انہیں نشانہ بنایا گیا۔

مذکورہ دونوں حملوں کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔