بولان میں فورسز کی چوکی پر حملہ، متعدد اہلکار ہلاک و زخمی، آئی ایس پی آر کی تصدیق

624
فائل فوٹو

بولان کے علاقے پیر اسماعیل کے مقام پر مسلح افراد نے پاکستانی فورسز ایف سی کی چوکی پر حملہ کرکے کم سے کم چار فوجی اہلکاروں کو ہلاک جبکہ آٹھ اہلکاروں کو زخمی کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر اسماعیل میں مسلح افراد نے ایف سی کی غزہ بند 129 ونگ کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے چار ایف سی اہلکاروں کو ہلاک اور آٹھ کو زخمی کردیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ سے 4 ایف سی اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے جھڑپ کے دوران چار حملہ آوروں کے ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا ہے تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

پچھلے دو سالوں کے دوران بولان میں قائم پاکستانی فورسز کے چوکیوں اور کیمپوں پر متعدد شدید حملے کئے گئے ہیں جن میں بیشتر کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کی ہے۔

خیال رہے کہ آج کیچ کے علاقے تربت میں بھی فورسز کے کانوائے کو نامعلوم افراد نے بم حملے میں نشانہ بنایا جہاں لیفٹننٹ کرنل سمیت چار اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

دونوں حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے جبکہ آئی ایس پی آر کے شائع کردہ اعداد و شمار کی تصدیق بھی آزاد ذرائع سے تاحال نہیں ہوئی ہے۔