امریکہ 50 کروڑ کورونا ویکسین غریب ممالک کو دے گا

200

امریکہ نے کورونا ویکسین کی 50 کروڑ خوراکیں خرید کر غریب ممالک کو دینے کا فیصلہ کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غریب ممالک کو کورونا ویکسین کی فراہمی کا عالمی دباؤ کام کر گیا۔ امریکہ کی جانب سے فائزر کمپنی کی ویکسین خرید کر دو سال میں 100 ملکوں کو عطیہ کی جائے گی۔

امریکہ کی جانب سے عطیہ کی جانے والی ویکسین دو سال کے عرصے میں فراہم کی جائے گی۔ امریکہ کی جانب سے 20 کروڑ خوراکیں رواں سال فراہم کی جائیں گی جبکہ سال 2022 تک 50 کروڑ ویکسین فراہم کر دی جائیں گی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ جب تک یہ عالمی وبا دنیا میں موجود رہے گی اس وقت تک امریکی عوام کو اس سے خطرہ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے عہد کیا ہے کہ وہ ویکسین کی فراہمی کی کوششوں میں وہی تیزی بین الاقوامی سطح پر بھی لائے گا جیسی امریکہ میں رہی۔

امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون کا کہنا ہے کہ ہم کورونا ویکسین کے بدلے کوئی رعایتیں حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہے، نہ ہی کچھ مطالبہ کر رہے ہیں اور نہ کوئی شرائط عائد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ خوراکیں غریب ممالک کو مفت عطیہ کر رہے ہیں جس کا واحد مقصد لوگوں کی صحت کی صورتِ حال بہتر بنانا اور وبا کے خاتمے میں مدد دینا ہے۔