گوادر: پانی کی قلت، خواتین کا احتجاج، کوسٹل ہائی وے بلاک

253

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے علاقے تحصیل جیونی میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی ہے۔

پانی کی شدید قلت کے خلاف خواتین کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر شہر کے دکانیں بند کردی اور مکران کوسٹل ہائی وے بند کرکے ٹریفک کی روانی معطل کر دی۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ جیونی میں کئی مہینوں سے پانی کی سپلائی بند ہے جسکے باعث شدید گرمی میں لوگ پیاسے اور پانی کے لیئے دربدر ہیں ۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ جیونی میں پانی کی قلت کا مسئلہ کہیں دہائیوں سے چلتا آرہا ہے مگر محکمہ پبلک ہیلتھ، ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندے، اور صوبائی حکومت پانی بحران پر قابو کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں اُنہیں جیونی کے شہریوں کی مشکلات اور تکالیف کا کوئی احساس تک نہیں ہے اور صرف یقین دہانیوں پر جیونی کے مکینوں کو ٹرخا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیونی کے مکین پانی کی بروقت عدم دستیابی کی وجہ سے شدید پریشانی و مشکلات کے شکار ہیں ـ۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پیاسے عوام کے صبر مزید امتحان نہ لیں اور فوری طورپر جیونی و گردنواع میں بروقت پانی فراہمی کو یقینی بنایا جائےـ۔

واضح رہے کہ جیونی میں پانی کی شدید قلت کے خلاف گزشتہ دنوں بھی خواتین نے احتجاج کیا تھا۔