کوئٹہ: سیکورٹی فورسز کی مسافر کوچ پر فائرنگ، ڈرائیور ہلاک، شاہراہ احتجاجاً بند

394

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ لکپاس پر سیکیورٹی فورسز ایف، سی کی مسافر کوچ پر فائرنگ سے کوچ ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتوار کی شب پیش آیا جہاں سیکورٹی چیک پوسٹ پر ایف سی اہلکاروں نے الحکمت کوچ پر فائرنگ کردیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں کوچ ڈرائیور موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔

واقعہ کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے احتجاجاً کراچی، کوئٹہ شاہراہ کو ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔

اس موقع پر کراچی، کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سفر کرنے والے ہزاروں گاڑیاں دونوں طرف پھنس گئے اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹرانسپورٹرز نے بلوچستان بالخصوص کوئٹہ لکپاس پر قائم ایف سی چیک پوسٹ پر لوگوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں اہلکاروں کی رویہ مسافروں اور ڈرائیورز سے اچھے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑیوں کو بھتہ دینے کے لئے گھنٹوں کھڑے کیے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ لکپاس میں قائم ایف سی چیک پوسٹ پر اہلکاروں کی رویہ پر ٹرانسپورٹرز احتجاج کرتے آرہے ہیں اور بلوچستان کی سیاسی جماعتیں بھی اس چیک پوسٹ کو ہٹانے پر بیانات دے چکے ہیں۔

آخری اطلاعات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میجر(ر) محمد الیاس کبزئی کا قومی شاہراہ لکپاس کے مقام پر روڈ پر احتجاج کرنے والے ٹرانسپورٹرز سےکامیاب مذاکرات کے بعد روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر میجر (ر) محمدالیاس کبزئی لکپاس کے مقام پر پہنچ کر ٹرانسپورٹروں کے نمائندوں مکران ٹرانسپورٹ یونین کے صدرحاجی علی نواز، چئیرمین حاجی خلیل لہڑی، تفتان ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں حاجی عبدالمالک حاجی اللہ بخش و دیگر سے مذاکرات کیے اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔