نال میں ‘نوجوانوں کا معاشرے میں کردار اور اسکی اہمیت’ کے عنوان پر پروگرام کا انعقاد

436

‏یوتھ ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے ڈگری کالج نال میں گذشتہ روز ‘نوجوانوں کا معاشرے میں کردار اور اسکی اہمیت’ کے عنوان پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کی میزبانی کے فرائض جاوید نور اور یونس بلوچ نے انجام دی ‏جبکہ مہمان خاص چیئرمین سیو سٹوڈنٹس فیوچر کے فضل یعقوب بلوچ کے علاوہ ایجوکیشنل ویلفئیر سوسائٹی کودہ کوڑاسک کے سرپرست اعلیٰ میر عبدالرزاق سمالانی، کاروان علم و حق کے چیئرمین جناب اسد نور بزنجو، شاشان ادبی دیوان نال کے صدر جناب شہزاد سلطان بلوچ، بی ایس او بچار کے مرکزی سنٹرل کمیٹی کے ممبر جناب حاتم بلوچ، بی ایس اے سی کے مرکزی ممبر جناب اسلم بلوچ، ڈائریکٹر قندیل سکولنگ سسٹم جناب خلیل احمد بلوچ، ایجوکیشنل ویلفئیر سوسائٹی کودہ کوڑاسک کے صدر طارق عزیز، چیئرپرسن قندیل سکولنگ سسٹم محترمہ قندیل بلوچ سمیت جوانوں نے شرکت کی۔

‏پروگرام میں مقررین نے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کے بنیادی اکائیوں میں سے ایک نوجوان ہوتے ہیں  جو کسی بھی معاشرے کی تخلیق یا اس کی شعوری ترقی کو پروان چڑھانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ‏انقلاب فرانس، ایران و دیگر میں بنیادی کردار ادا کرنے والے نوجوان ہی تھے۔

‏انہوں نے کہا کہ ہمیں سکولوں میں بچوں کو انسان بننا سکھانا ہے، ہم انہیں یہ تو بتاتے ہیں کہ ایک اچھا افسر یا ڈاکٹر کیسے بننا ہے، لیکن یہ نہیں بتاتے کہ اچھا انسان کیسے بننا ہے۔ ‏ہمیں مدارس کے بچوں کو بھی وقت دینا ہے تاکہ وہ عصری تعلیم میں پیچھے نہ رہیں۔ اور افراد کو یا گورنمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے ہمیں اپنی اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا ہے تب جاکر ہم ایک بہتر معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

‏پروگرام کے آخر میں یوتھ ایجوکیشنل سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر وحید امان قلندرانی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔