غزہ پر اسرائیل بمباری، بچوں سمیت بیس افراد ہلاک

196

حماس کے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں نو بچوں سمیت متعدد فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ عالمی برادری نے تشدد کی مذمت کی ہے۔

اسرائیل کے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں شیخ جراح کے پاس بسے فلسطینیوں کو وہاں سے اجاڑنے کی کوششوں کے خلاف چند روز قبل جن مظاہروں اور جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا وہ پیر کو بھی دن بھر جاری رہا۔  ان جھڑپوں میں اب تک متعدد فلسطینی ہلاک اور تقریباً ایک ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔

غزہ کے علاقے میں سرگرم اسلامی گروپ حماس نے پیر کے روز مسجد اقصی کے احاطے میں موجود اسرائیلی فورسز کو وہاں سے نکلنے کو کہا تھا تاہم جب اسرائیلی فورسز نے وہاں سے ہٹنے سے منع کر دیا تو حماس نے جواباً اسرائیل پر کئی راکٹ داغے۔ حالانکہ اسرائیلی دفاعی نظام نے بیشتر راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا تاہم اسرائیل نے جواباً غزہ پر فضائی حملے کیے جس میں اب تک بیس افراد کے ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں نو بچوں سمیت بیس افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ دیگر 56 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی جوابی کارروائی میں آٹھ شدت پسند ہلاک ہوئے۔

اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کے خلاف اسٹین گرینیڈ اور ربر کی گولیاں استعمال کرتے رہے ہیں جس میں پیر کے روز مزید تین سو سے زیادہ افراد زخمی ہوئے اور اس طرح زخمیوں کی تعداد ایک ہزار کے قریب ہو گئی ہے۔

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے خطے میں حالیہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”مزید عام شہریوں کی ہلاکتوں کو روکنے کی ذمہ داری” اسرائیل اور فلسطینی حکام پر عائد ہوتی ہے۔

یورپی یونین میں امور خارجہ کے سربراہ جوسیپ بوریل کے ایک ترجمان نے بھی پیر کے روز کہا کہ مغربی کنارہ، مشرقی یروشلم اور غزہ میں تشدد میں اضافے کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے اسرائیل کے بجائے حماس کی جانب سے راکٹ فائر کیے جانے کی مذمت کی اور گروپ سے اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔ اسرائیل کے قریبی اتحادی امریکا نے اقوام متحدہ کی جانب سے اس مجوزہ بیان کی بھی حمایت کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا جس میں اسرائیل سے شیخ جراح کے اطراف میں بسے فلسطینیوں کی بے دخلی کو روکنے کی بات کہنے پر غور کیا جا رہا تھا۔

ادھر ترکی کے صدر طیب رجب ایردوآن نے فلسطینی صدر محمود عباس اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سے فون پر بات چیت کے دوران  کہا ہے کہ وہ اسرائیلی دہشت گردی سے لڑنے کے لیے تحریک شروع کریں گے۔

حالیہ جھڑپوں کا تعلق یروشلم کے پرانے شہر سے ہے۔ اسرائیل مشرقی یروشلم میں شیخ جراح کے آس پاس بسے فلسطینیوں کو وہاں سے بے دخل کر کے ایک نئی یہودی بستی بسانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس حوالے سے عدالت میں بھی ایک کیس چل رہا ہے جس پر کچھ وقت کے لیے سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔

اسرائیل کی وزارت انصاف نے اتوار کے روز کہا  تھا کہ وہ اس مقدمے کی سماعت کو موخر کر رہا ہے جس کی وجہ سے مشرقی یروشلم میں آباد فلسطینی خاندانوں کو ممکنہ طور پر ان کے گھروں سے بے دخل کیے جانے کا خدشہ ہے۔

 اس علاقے پر اسرائیل اور فلسطین دونوں کا دعویٰ ہے۔ اسی علاقے میں مسجد اقصی بھی واقع ہے اس لیے مذہبی اعتبار سے مسلمانوں کے لیے یہ بہت اہم ہے۔ یہ پورا علاقہ مسیحی اور یہودی برادری کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ یہودیوں کا ٹیمپل ماؤنٹ بھی بیت المقدس کے پاس ہے جبکہ حضرت عیسیٰ کی پیدائش بھی اسی قدیمی شہر بیت اللحم میں ہوئی تھی۔