تربت میں پاکستانی فورسز کے کانوائے پر بم حملہ، 4 اہلکار زخمی

767
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے آبسر میں پاکستانی فورسز ایف سی کے کانوائے کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پیر کی شب تربت کے علاقے آبسر میں ایف سی کانوائے پر دھماکے سے 4 اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

زرائع کے مطابق دھماکہ آبسر میں اس مقام پر ہوا جہاں گذشتہ سال کراچی یونیورسٹی کے طالب علم حیات بلوچ کو سیکورٹی فورسز نے گولیاں مار کر قتل کیا تھا۔

یاد رہے تربت شہر میں سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت ہیں جبکہ اس سے قبل بھی تربت شہر میں فورسز سمیت دیگر سرکاری عمارتوں پر حملے ہوتے رہے ہیں جن میں سے اکثریت کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہے لیکن تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔