بلوچستان: واقعات اور حادثات میں تین افراد ہلاک، تین زخمی

230

بلوچستان کے ضلع جھل مگسی، پنجگور اور لورالائی میں فائرنگ اور روڈ حادثات کے واقعات میں تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جھل مگسی کے علاقے گوٹھ چانڈرامہ کے قریب گنداواہ روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو ہلاک کردیا ہے، فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں دین محمد اور نثار احمد دھرپالی شامل ہیں۔

حملہ آور موقع واردات سے فرار ہونے کامیاب ہوگئے جبکہ لیویز فورس نے لاشوں کو قبضہ میں لے کر گنداواہ اسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق کے ہلاک شدگان میں ایک کا تعلق بھاک اور دوسرے کا ڈیرہ مراد جمالی سے ہے۔

ادھر پنجگور سے اطلاعات ہیں کہ پنجگور کے علاقے شاھو کہن میں اتفاقیہ گولی چلنے سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔  پولیس کے مطابق جمشیر نامی شخص گھر میں پسٹل چیک کررہا تھا کہ اسی دوران گولی چل گئی جس سے اس کا بھائی گل شیر ولد غلام جان گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہوگیا۔

لاش کو اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا اس سلسلے میں پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

دریں اثنا لورالائی میں ڈیرہ روڈ پر میختر لیویز چیک پوسٹ کے قریب ویگن اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔