بلوچستان: لاپتہ طالب علم سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد

952

بلوچستان کے تین مختلف علاقوں سے لاپتہ طالب علم کے بوری بند لاش سمیت تین افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی سے ایک ہفتے قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان طالب علم کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔

چاغی کے علاقے لجے کاریز سے آٹھ دن قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان طالب علم نسیم ولد حاجی دوست محمد کی بوری بند مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔

مقامی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کردی ہے تاہم قتل کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی پچھلے ایک دہائی سے تواتر کے ساتھ جاری ہے انسانی حقوق کی تنظیموں کا موقف ہے کہ اس طرح کے واقعات میں فورسز اور خفیہ ایجنسیاں براہ راست ملوث ہوتے ہیں۔

دریں اثناء چمن کے علاقے گڑنگ کاریز سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت عثمان غنی ولد سلطان کے نام سے ہوئی ہے۔  لیویز ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کے ہلاکت کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے جبکہ لاش کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسی طرح ایک اور شخص کی لاش جھل مگسی گنداواہ کے قریب سے برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت نواب ولد رسول بخش کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کو گولیاں مارکر ہلاک کردیا گیا ہے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال گنداواہ منتقل کردیا ہے۔