حسیبہ کی جدوجہد رنگ لے آئی، بھائی حسان بھی بازیاب

287

حسیبہ قمبرانی کی جدوجہد رنگ لے آئی، کزن حزب اللہ کے بعد بھائی حسان بھی آج بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گیا۔

حسان اور حزب اللہ قمبرانی کو گذشتہ سال 14 فروری کو کوئٹہ کے علاقے کلی قمبرانی سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔

نوجوانوں کے جبری گمشدگی کے بعد حسیبہ قمبرانی وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز تنظیم کے ہمراہ مسلسل احتجاج کرتی رہی، اس دوران حسیبہ نے کوئٹہ میں بھوک ہڑتال سمیت اسلام آباد کے ڈی چوک پر دیگر لاپتہ افراد کے لواحقین کے ہمراہ دھرنا دیا۔

بھائی کے بازیابی پر حسیبہ قمبرانی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‏الحمد اللہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے میرا بھائی حسان قمبرانی ایک سال بعد اذیت گاہوں سے واپس لوٹ آیا ہے۔ ان دوستوں کا شکریہ جنہوں نے میرا ہر قدم ساتھ دیا، ان صحافی حضرات کا بھی جو ہمارے لیے آواز اٹھاتے رہیں، حکومت وقت نے جس طرح میرے بھائیوں کو بازیاب کیا ان سے التجاء ہے باقی اسیران کو بھی بازیاب کرے۔

مختلف افراد حسیبہ قمبرانی کو بھائی کے بازیابی پر خوشی کا اظہار کرنے سمیت دیگر لاپتہ کے بازیابی کا مطالبہ کررہے ہیں۔