بلوچستان: حادثات اور واقعات میں 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی

325

بلوچستان کے چار مختلف اضلاع میں پیش آنے والے روڈ حادثہ اور فائرنگ کے واقعات میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثات بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ، پشین اور کوسٹل ہائی وے پر پیش آئے ہیں۔

گذشتہ روز سبی کے علاقے بختیار آباد کے قریب شیخوپورہ سے کوئٹہ جا نے والی گاڑی مچھ بولان سے سبی ڈیرہ مراد کی جانب جانے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔جنکی شناخت خاتون حیا بی بی، صاحب خان اور شمس علی جان کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں کا تعلق بولان کے علاقے مچھ سے بتایا جارہا ہے حادثہ کے بعد ہلاک ہونے والے افراد اور زخمیوں کو پولیس اور لیویز انتظامیہ نے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

دوسری جانب اوتھل سے چالیس کلومیٹر دور مکران کوسٹل ہائی وے لیاری رضو ہوٹل کے قریب تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی۔ حادثے میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں روبیل ولد نعیم، اریض ولد اشرف، فہاد ولد سلطان،جب کہ زخمیوں میں محمد سلیمان، محمد عمر، شہباز، احسان اسامہ شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق پروبکس گاڑی کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیاجبکہ ہلاک و زخمیوں کا تعلق کراچی کے علاقے نیو کراچی مدینہ کالونی سے بتایا رہا ہے جو کنڈملیر سے پکنک منانے کے بعد واپس کراچی جارہے تھے۔

ادھر بلوچستان کے مزکزی شہر کوئٹہ سے اطلاعات ہیں کہ گذشتہ روز مشرقی بائی پاس بھوسہ منڈی کے علاقے میں منہدم ہونے والے دیوار کے نیچے دب کر ایک شخص طاہر ولد حاجی عمیر خلجی سکنہ بھوسہ منڈی جان کی بازی ہار گئے ہیں جن کی لاش کو ضابطے کی کاروائی کے بعد ورثا ءکے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا پشین کے کلی گا نگلزئی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے والدین کا 12 سالہ اکلوتا بیٹا ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ہلاک ہونے والے بچے کی شناخت بارہ سالہ محمد اصغر جان کے نام سے ہوئی ہے۔

لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بچے کی لاش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔