کورونا وائرس کے پیش نظر بلوچستان یونیورسٹی میں تعلیم سرگرمیاں معطل

133

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسسز کی وجہ سے بلوچستان یونیورسٹی میں 30 اپریل تک تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہے۔

اس متعلق جامعہ بلوچستان کے رجسٹرار گل محمد کاکڑ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران جامعہ سے وائرس کے کیس رپورٹ ہونے پر ڈینز کمیٹی نے جامعہ میں تعلیمی سرگرمیاں آج سے 30 اپریل تک ملتوی کردی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ جامعہ کا انتظامی عملہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ فرائض کی ادائیگی جاری رکھے گا۔

اعلامیے کے مطابق امتحانات، وائیوا، داخلہ ٹیسٹ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان یونیورسٹی کے کمپیوٹر سائنس (آئی ٹی) ڈیپارٹمنٹ کے تمام لیکچرار بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے ۔

اس سے قبل محکمہ تعلیم بلوچستان نے بلوچستان میں کورونا وائرس کیسز کے پیش نظر 19 اپریل سے پہلی تا آٹھویں جماعت کی کلاسز عیدالفطر تک بند کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے-

دوسری جانب کوئٹہ کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ہدہ منو جان روڈ، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ریلوے کالونی، گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول بشیر آباد نواں کلی سے کورونا وائرس کے 14،14 جب کہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پوسٹل کالونی کوئٹہ سے 9 مثبت کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد چاروں اسکولوں کو 21 اپریل تک 7 دنوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

اسی طرح کورونا کی تیسری لہر کے باعث کوئٹہ کی سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کو جمعرات سے 15 روز کے لیے بند کردی گئی ہے۔