کراچی پولیس نے دو بلوچ نوجوانوں کو مبینہ طور پر مقابلے میں قتل کرنے بعد لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔ قتل ہونے والے نوجوانوں کی شناخت اٹھارہ سالہ عامر اور بائیس سالہ بلال کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ دونوں نوجوان احمد مگسی گینگ کے کمانڈر تھے جو پولیس مقابلے میں مارے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے ایک کاروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے ایک کارندے علی عرف گرنیڈ کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔
پولیس کے مطابق علی نے تفشیش میں بتایا کہ اس کا تعلق احمد علی مگسی گروپ سے ہے جس کی نشاندہی پر پرانی سبزی منڈی کے نزدیک لیاری گینگ وار احمد علی مگسی گینگ سے مقابلہ ہوا مقابلے میں گینگ کے دو اہم کمانڈر بلال بلوچ عرف بلال ڈکیت اور عامر بلوچ موقع پر مارے گئے جب کہ گینگ وار کارندہ مقصود اور ایک نامعلوم کارندہ زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پہ شیئر ہونے والے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس نے قتل ہونے والے مذکورہ نوجوانوں کو زندہ گرفتار کیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ساڑھے دس بجے پرانی سبزی منڈی سے چار نوجوانوں کو اٹھایا گیا جن میں عامر، بلال، لکی اور شاہنواز شامل تھے۔
ان میں پولیس نے عامر اور بلال کو قتل کرکے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جبکہ شاہنواز اور لکی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیاگیا ہے اور دونوں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے پولیس کے اس اقدام کے خلاف احتجاج بھی کیا جبکہ ایس ایس پی کی اس یقین دہانی پر کہ واقعے کی تحقیقات کی جائے گی مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔