بلوچستان کے ضلع پنجگور سے پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فورسز نے پروم کے رہائشی شخص کو پنجگور سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا۔ حراست بعد لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت مقبول ولد محمد حیات سکنہ دز پروم کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کو فورسز نے گذشتہ روز پنجگور کے مرکزی بازار چتکان سے حراست میں لے کر لاپتہ کیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرچکا ہے روزانہ کی بنیاد پہ کئی افراد فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہورہے ہیں۔
روان سال مارچ کے مہینے میں لاپتہ افراد کی لواحقین نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی جس میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ لاپتہ افراد کے معاملے میں سنجیدہ ہیں مگر اس کے برعکس لاپتہ افراد بازیاب ہونے کے بجائے مزید لوگ فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہورہے ہیں۔