ٹرائبل ایریا راجن پور کے نام پر غیر مقامی افراد کا ڈومیسائل اور کوٹے پر داخلے لینا تشویشناک ہے – بساک

307

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ڈی جی خان زون کے زونل ترجمان نے اپنے بیان میں ٹرائبل ایریا راجن پور کے مختص نشستوں پر غیر مقامی افراد کے داخلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائبل ایریا راجن پور کے طلباء بنیادی تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں قبائلی علاقوں کے طلباء کے لیے پنجاب کے مختلف جامعات اور میڈیکل کالجز میں نشستیں مختص ہیں۔ انتظامیہ کی گٹھ جوڑ اور کرپشن کے باعث ان نشستوں پر غیر مقامی افراد استفادہ حاصل کررہے ہیں اور مقامی طلباء کو بنیادی تعلیمی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے جو کہ طلباء کی حق تلفی کے مترادف ہے۔

زونل ترجمان نے مزید کہا کہ غیر مقامی افراد انتظامیہ سے سیاسی طاقت اور رشوت خوری کے ذریعےجعلی ڈومیسائل بنوا لیتے ہیں۔ ٹرائبل ایریا کے نام پر مختص نشستوں میں داخلوں اور نوکریوں سے مستفید ہورہے ہیں جس سے مقامی افراد اور طلباء و طالبات کی حق تلفی ہورہی ہے اور مقامی طلباء کے لیے تعلیم کے مواقع کرپشن اور سیاسی اقرباء پروری کے باعث ضائع ہو رہے ہیں اور بیشتر طلباء تعلیم ترک کرنے پر مجبور ہیں۔

ترجمان نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پنجاب گورنمنٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالجز میں جن غیرمقامی طالبعلموں نے جعلی ڈومیسائل کے ذریعے داخلے لیے ہیں ان کے ڈومیسائل فوری طور پر کینسل کرکے مقامی طلباء کو ان کا حق دیا جائے اور جعلی ڈومیسائل بنانے والوں کے خلاف فالفور کاروائی کا آغاز کیا جائے بصورت دیگر طلباء کے بنیادی حقوق کےلیے سخت لائحہ عمل اپنائی جائے گی۔