حب چوکی : فٹبال میچ کے دوران دھماکہ، 9 افراد زخمی

492

بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں فٹ بال میچ فائنل کے دوران بم دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں سے کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

اطلاعات کے مطابق حب چوکی الہ آباد ٹاون فٹ بال گراونڈ میں لسبیلہ پولیس کی جانب سے منعقد کردہ شہدائے پولیس فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل کے دوران گراونڈ کے اندر دھماکہ ہوا ہے۔

مقامی انتظامیہ و ایدھی رضاکاروں نے جائے واقعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو سول اسپتال حب منتقل کر دیا ہے۔

پولیس انتظامیہ کے مطابق دھماکہ خیز مواد گراونڈ کے اندر کھیل شروع ہونے سے قبل نصب کیا گیا تھا میچ کے شروع ہوتے ہی زوردار دھماکہ ہوا۔

دھماکے میں کھلاڑیوں سمیت گراونڈ میں موجود دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں سے کچھ افراد کو سول اسپتال کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔

ایدھی انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ کھیل شروع ہونے کے چند منٹ بعد ہوا تاہم مقامی پولیس واقعہ کے بارے مزید تحقیق کررہی ہے۔