تنظیمی سنگت اپنی توانائیوں کو قوم و وطن کی آسودگی کیلئے خرچ کریں – بی ایس او

216

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شال زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد، زونل انتخابات میں غلام رسول بلوچ صدر، شیہک بلوچ جنرل سکریٹری جبکہ حسیب بلوچ پریس سیکریٹری منتخب۔

بلوچ اسٹوڈنس آرگنائزیشن شال زون کا جنرل باڈی اجلاس گذشتہ روز شال میں زیر صدارت زونل آرگنائزر حسیب بلوچ منعقد ہوا جس کے مہمان خاص مرکزی انفارمیشن سیکرٹری اورنگزیب بلوچ تھے۔

اجلاس میں زونل رپورٹ، یونٹ رپورٹ، تنظیمی امور اور آئیندہ کا لائحہ عمل کے اہم ایجنڈے زیربحث رہیں۔ تنظیمی کارکردگی کا باریک بینی کیساتھ جائزہ لیا گیا اور موجودہ سیاسی تناظر کے اندر زون کی حکمت عملی ترتیب دی گئی۔

آئیندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے میں مرکزی انفارمیشن سیکرٹری کی سربراہی میں الیکشن کمیشن تشکیل پایا اور زون کے انتخابات کرائے گئے۔ جس کے مطابق غلام رسول آزاد زونل صدر، سینئر نائب صدر ثناء آجو، جونیئر نائب صدر جیئند بلوچ، زونل جنرل سیکرٹری شیہک بلوچ، سیئنر جوائنٹ سیکرٹری ظاہر لال، جونیئر جوائنٹ سیکرٹری مقصود بلوچ جبکہ پریس سیکٹری حسیب بلوچ منتخب ہوئے۔

مزید برآں مرکزی انفارمیشن سیکرٹری اورنگزیب بلوچ نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج بلوچ طلباء و بلوچ قومی سیاست ایک بحرانی کیفیت سے دوچار ہے۔ اس بحرانی کیفیت میں انقلابی جذبات کے ساتھ تنظیم کے دوستوں کا اس کاروان میں اپنی توانائیاں دینا ساتھیوں کی نظریاتی مضبوطی کا ثبوت ہیں، لازم ہے کہ تنظیمی سنگت اپنی جدوجہد و توانائیوں کو قوم و وطن کی آسودگی کیلئے خرچ کریں اور قومی قیادت کے سنگین بحران پر ہنگامی بنیادوں پر قابو پر ایک منظم قوت تعمیر کریں۔

بی ایس او کارکنان کا کہنا تھا کہ اس انقلابی جدوجہد کی نظریاتی اساس کو محفوظ رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔