تربت: مسلح افراد کے حملے میں سرکاری حمایت یافتہ شخص ہلاک

832

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیچ کے علاقے آبسر میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے آبسر کہدہ یوسف محلہ گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا ہے۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت سنگانی سر کے رہائشی مزمل ولد حاجی حاصل جان کے نام سے ہوئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ گروہ یعنی ڈیتھ اسکواڈ سے ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں پاکستانی فوج اور خفیہ ایجنسیوں پر متعدد مسلح جتھے تشکیل دینے کا الزام ہے جنہیں حرف عام میں ڈیتھ اسکواڈ کہا جاتا ہے۔

ماضی میں اس طرح کے حملوں کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتے آرہے ہیں۔ دو روز قبل تربت کے علاقے شے کہن میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے حکومتی حمایت یافتہ شخص ملا عزیر کو ہلاک کیا تھا جس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔ تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔