تربت: بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف ریلی اور احتجاجی مظاہرہ

394

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں پیر کے روز نیشنل پارٹی کی کال پر کیسکو کیخلاف لوگوں کی بڑی تعداد نے ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار کیچ کیجانب سے تربت میں کیسکو کی زیادتیوں کے خلاف ریلی نکالی گئی۔

کیسکو کی صارفین کے ساتھ زیادتی، بلاوجہ لوڈشیڈنگ اور غیرقانونی طور پر مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر اور پوری فیڈر بند کرنے کیخلاف ریلی کے شرکاء نے شہید فدا چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا-

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے ضلعی ایڈوکیٹ مشکور انور، بی ایس او پچار کے مرکزی وائس چیئرمین ایڈوکیٹ بوہیر صالح، انجمن تاجران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ اور بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی اذیت سے دوچار کیا ہے-

انہوں نے کہا کہ کیسکو کا رویہ شہریوں سے اچھا نہیں ہے سفید پوش لوگوں کو تنگ کیا جاتا ہے، بلیدہ ہوشاب، تمپ اور دور دراز علاقوں میں بجلی نہ ہونے کے برابر ہے لیکن عوام سے پورا بل لیا جاتا ہے-

انہوں نے کہا کہ اس وقت کیچ میں بھی بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے کاروباری اور گھریلو صارفین کو لاکھوں کا نقصان دیا ہے۔

انہوں نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ مکران میں بجلی بحران کا نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

یاد رہے کہ اس وقت بلوچستان بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بحران سے زمینداروں سمیت دیگر صارفین بھی پریشانی کے شکار ہیں اور گذشتہ دنوں بلوچستان میں زمیندار ایکشن کمیٹی کی اپیل پر پہیہ جام ہڑتال کی گئی تھی –