تربت: بجلی بندش کے خلاف دوسرے روز عوام سراپا احتجاج، روڈ بلاک

398

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کےعلاقے کوشک میں بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکین دوسرے روز بھی سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے چاہ سر کراس روڈ پر ٹائر جلاکر اور پتھر رکھ کر ٹریفک کیلئے رکاوٹیں کھڑی کی۔-

علاقے مکینوں نے کیسکو حکام اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مکمل طور پر بجلی کی بحالی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ کوشک تربت کا ایک شہری علاقہ ہے، شدید گرمی اور رمضان المبارک میں ہمارے محلے کی بجلی کا 11 ہزار وولٹ کا تار کاٹ دیا گیا ہے جس سے پچھلے پندرہ دنوں سے بجلی نہیں ہے، ہم روزہ دار، بچے اور خواتین گرمی میں تڑپ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھروں میں صاف پانی کا فقدان، افطار اور سحری بھی متاثر ہیں، 11 ہزار وولٹ کا تار کاٹنا اور ٹرانسفارمر بند کرنے سے بل جمع کرنے والے صارفین بھی متاثر ہونگے لہٰذا یہ غیرآئینی عمل ہے۔

اس موقع پر تحصیلدار شیر جان دشتی اور ایس ڈی او کیسکو مہیم بلوچ نے مظاہرے پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کرکے گیارہ ہزار وولٹ کے تار کو لگا کر غیرقانونی کنکشن کاٹے جانے کا فیصلہ کیا۔

تحصیلدار شیرجان، اڈیشنل ایس ایچ او روشن اور ایس ڈی او کیسکو مہیم بلوچ کی بجلی بحالی کی یقین دہانی پر ظاہرین نے خود رکاوٹیں اٹھاکر ٹریفک بحال کردیا۔