بلوچستان کے تین مختلف اضلاع میں فائرنگ و دیگر واقعات میں دو افراد ہلاک جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
واقعات خضدار ، مستونگ اور کوئٹہ میں پیش آئے ہیں۔
مستونگ کے علاقے پمبا میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جسکی شناخت بہار خان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مذکورہ شخص مستونگ کے علاقے کردگاپ کا رہائشی ہے اور لاش کو پولیس نے اسپتال منتقل کرکے ضابطے کی کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا۔
ادھر خضدار سے اطلاعات ہیں کہ خضدار سٹی تھانے کے حدود میں ایک شخص کی لاش ملی ہے جسکی شناخت محمد اسحاق کے نام سے ہوئی ہے جو سوراب کا رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے اسکول ٹیچر ہیں۔
تاہم ان دونوں واقعات کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے جبکہ ان کے متعلق پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے
دریں اثنا بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں شیرانی قبیلے کے ذیلی شاخ بنگوار کے آپسی تصادم کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ایک شخص کی حالت تشیویشناک ہے جسے طبی امداد دینے کے لئے کراچی منتقل کردیا گیا ہے ۔