بلوچستان: مختلف روڈ حادثات اور واقعات میں چار افراد ہلاک

411

بلوچستان کے تین مختلف اضلاع میں دو روڈ حادثات اور ایک واقعے میں چار افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ روڈ حادثات اور واقعات بلوچستان کے اضلاع نوشکی، حب چوکی اور پنجگور میں پیش آئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق نوشکی میں قادر آباد کے مقام پر روڈ حادثہ پیش آیا جہاں بلال ولد محمد خان عمرانی سکنہ قادر آباد ہلاک اور محمد صادق ولد عبدالرزاق بادینی شدید زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب پنجگور کے علاقے گومازی کے قریب بس اور گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جنکی شناخت شاہد خان اور محمد عمران کے ناموں سے ہوئی ہے جو سوراب کے رہائشی بتائے جارہے ہیں۔

دریں اثنا بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی سے اطلاعات ہیں کہ گذشتہ روز ساکران سے نامعلوم معمر شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

ایدھی ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز ایک اطلاع ملنے پر ایدھی رضاکاروں نے ساکران حیدر گوٹھ 1 نمبر نالی میں ڈوبی ہوئی 60 سالہ نامعلوم شخص کی لاش کو نکال کر جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال حب پہنچادیا جہاں عدم شناخت کے بعد لاش کو ایدھی سردخانہ سہراب گوٹھ کراچی منتقل کردیا گیا۔