باڈر پر کاروباری پابندی قبول نہیں، نیشنل پارٹی کیچ کا احتجاجی مظاہرہ

144

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں بارڈر ٹریڈ کی بندش کے خلاف نیشنل پارٹی کیچ اور بی ایس او پجار کے زیر اہتمام تربت شہر میں ریلی نکالی گئی۔

ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے بارڈر بندش کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے اسے بلوچوں کا معاشی قتل قرار دیا –

ریلی کے شرکاء شہر کے مختلف گلیوں سے ہوتے ہوئے شہید فدا چوک میں جلسے کی شکل اختیار کر گئے –

اس موقع پر نیشنل پارٹی کیچ کے صدر مشکور انور، مرکزی کمیٹی کے رکن ابوالحسن، مرکزی رہنماء نثار بزنجو، بی ایس او پجار کے مرکزی وائس چیئرمین ایڈوکیٹ بوہیر صالح، ضلعی نائب صدر طارق بابل، تحصیل تربت کے جنرل سیکریٹری حاجی رحیم بخش چیف، تحصیل آبسر کےجنرل سیکریٹری احسان درازئی، بارڑر ٹریڑ کے صدر اسلم شمبے زئی، دوہزار اینڈ زمیاد ایسوسی ایشن کے صدر وسیم سفر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر ٹریڈ پر پابندی قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہر ملک اپنے بارڈر پر بسے لوگوں کو سہولت فراہم کرتے ہیں لیکن یہاں بلوچوں کو معاشی طور پر قتل کیا جارہا ہے –

انہوں نے کہا کہ بارڈر پر موت کا کھیل جاری ہے اور موجودہ حکومت لوگوں کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے –

انہوں نے کہا کہ بارڈر پر کاروبار کو بحال کرکے لوگوں کو جینے کا حق دیا جائے –

ریلی میں نیشنل پارٹی، بی ایس او پجار، انجمن تاجران، بارڑر یونینز کے کارکنان اور رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی-