اسٹڈی سرکلز میں شرکت طالب علموں کی بقاء ہے – بلوچ کونسل یو اے ایف

203

ترجمان بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل زرعی یونیورسٹی فیصل آباد امین بلوچ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل یو اے ایف کی طرف سے زرعی یونیورسٹی میں ایم فل ڈی وی ایم کے مخصوص نشستوں کے حوالے سے آن لائن سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف یونیورسٹیز سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالب علموں نے شرکت کی۔

سیشن کی نظامت جنرل سیکریٹری طلحہ بلوچ نے سرانجام دی اور کونسل کے سینیئر دوست ضیاء الدین بلوچ نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن دی۔

پریزنٹیشن میں ضیاءالدین بلوچ نے مخصوص نشستوں، زرعی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کی افادیت اور نشستوں کو ضائع ہونے سے بچانے پر زور دیا۔

سیشن کے آخر میں چیئرمین بلوچ کونسل یو ای ایف جاوید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کو ختم کرنے اور نوجوانوں کو شعوری طور پر بیدار کرنے میں بلوچ طالب علموں کو موثر رول ادا کرنے کی ضرورت ہے جو نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت سے ممکن ہے۔

جاوید بلوچ نے مزید کہا کہ شعوری سفر میں کامیابی سے ہمکنار ہونے میں ہفتہ وار اسٹدی سرکلز کی اہمیت سب سے زیادہ ہے کیونکہ اسٹڈی سرکلز میں شرکت میں طالب علموں کی بقاء ہے۔ وہاں نصاب کے ساتھ ساتھ ایک طالب علم کو معاشرتی طور پر بیدار ہونے میں مدد ملتی ہے۔

جاوید بلوچ نے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل یو اے ایف کی طرف سے مستقبل قریب میں بھی اس طرح کے سیشنز کئے جائینگے تاکہ بلوچستان کے طالب علموں کو ہرممکن حد تک مدد فراہم کی جاسکے۔

سیشن کے آخر میں شرکاء کی طرف سے سوالات کیے گئے۔