کراچی: گاڑی پر فائرنگ، چینی باشندے سمیت 2 افراد زخمی

455

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گاڑی پر مسلح افراد کے حملے نتیجے میں چینی باشندے سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فائرنگ کا واقعہ لیاری بغدادی میں پیش آیا جہاں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 افرد تھے، مسلح ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے جبکہ چینی باشندہ ایریا وزٹ پر آیا ہوا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا مزید کہنا ہے کہ گاڑی میں ڈرائیور اور چینی باشندے کا ترجمان موجود تھیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ایک راہ گیر فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوا، زخمی راہگیر کے ہاتھ اور پیٹ پر گولیاں لگی ہیں جبکہ چینی باشندہ اور ترجمان کو گولیاں نہیں لگی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ موقع سے نائن ایم ایم کی گولیوں کے 2 خول ملے ہیں، گولیوں کے خول کو فرانزک کے لیے بھیجا جائے گا۔

پولیس کے مطابق ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے کے شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے تاہم سندھ میں مسلح آزادی پسند تنظیم سندھودیش روولیوشنری آرمی پاکستانی فورسز اور حکومتی حمایت یافتہ افراد سمیت چینی باشندوں پر حملوں میں ملوث رہی ہے۔

اسی طرح بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کراچی میں چینی قونصل خانے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر خود کش حملے کرچکی ہے۔