ڈیرہ بگٹی میں دو گروہوں میں تصادم، 2 ہلاک

176

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں دو گروپوں میں معمولی تکرار کے بعد گولیاں چل گئیں، فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے حبیب رائی میں دو گروہوں کے درمیان معمولی تکرار کے بعد گولیاں چل گئیں، فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد موقع پر ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہیں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کیپٹن ریٹائرڈ زوالفقار علی کرار کی ہدایت پر لیویز فورس کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر مقتولین کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا۔

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ جبکہ مقتولین کی میتوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔

مقتولین کی شناخت خلیل احمد اور نوید جان سے کی گئی جن کا تعلق صوبھازئی راہیجہ قبیلے سے بتایا گیا۔ لیویز حکام کے مطابق علاقے میں فائرنگ کے واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہیں اور علاقے میں سخت خوف و ہراس ہے۔

آخری اطلاعات آنے تک چند افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی تھی۔