ڈیرہ بگٹی:پانی کی شدید قلت، عوام سراپا احتجاج

363

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ گیس فلیڈ میں پانی کی شدید قلت کے خلاف عوام سراپا احتجاج بن گئے۔

شہریوں کی بڑی تعداد نے بدھ کے روز ریلی نکالی اور پیر کوہ بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاجی مظاہرین نے پانی کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کو گیس فراہم کرنے والے ڈیرہ بگٹی کے باسی بوند بوندپانی کے محتاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانوں کے ساتھ ساتھ ہمارے مال مویشی پیاس سے مر رہےہیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سیاسی اور وردی والے نمائندےاس انسانیت سوز روئیے کا نوٹس لے کر پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

مظاہرین نے کہا کہ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو ہزاروں لوگ کوئٹہ یا اسلام آباد تک لانگ مارچ کرینگے۔