چیئرمین زاہد بلوچ کی عدم بازیابی یو این ہیومن رائٹس کونسل کی کردار پر سوالیہ نشان ہے – بی ایس او آزاد

229
فائل فوٹو

بی ایس او آزاد کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کیے گئے بیان میں سابق چیئرمین زاہد بلوچ کی جبری گمشدگی کو سات سال کا طویل دورانیہ مکمل ہونے کے باوجود اُن کی عدم بازیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلباء رہنما کی بازیابی کے لیے انسانی حقوق کے اداروں کی یقین دہانیوں کے باوجود تاحال انہیں منظر عام پر نہ لانا انسانی اقدار کے منافی ہے۔

ترجمان نے کہا آج سے سات سال قبل تنظیم کے سابق چیئرمین اور بلوچستان کی معروف طلباء رہنماء زاہد بلوچ کو کوئٹہ میں تنظیمی ساتھیوں کے سامنے ریاستی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کیا۔

زاہد بلوچ کی باحفاظت بازیابی کے لیے تنظیم کی جانب سے ملکی و غیر ملکی سطح پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے جبکہ اُن کی جبری گمشدگی کے خلاف کراچی میں 46 روز تک تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگایا گیا جسے انسانی حقوق کے اداروں کی یقین دہانی پر ختم کر دیا گیا۔ سات سال کا طویل دورانیہ گزرنے کے باوجود تاحال انہیں منظر عام پر نہیں لایا گیا اور ریاستی اداروں نے انہیں جبری طور پر پابند سلاسل رکھا ہوا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ زاہد بلوچ پر امن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھنے والے بلوچ طلبا تنظیم سے تعلق رکھتے تھے جو جمہوری طرز جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ ریاست کی جانب سے تنظیم پر پابندی کے بعد زاہد بلوچ سمیت سینکڑوں تنظیمی رہنماؤں اور کارکنان کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا اور درجنوں کی تعداد میں مسخ شدہ لاشیں پھینکی گئی۔ گذشتہ دہائی سے تنظیم اور تنظیمی کارکنان پر ریاستی کریک ڈاؤں عروج پر ہے جبکہ دوسری جانب انسانی حقوق کے اداروں کو بارہا اپیل کے باوجود انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی نہایت ہی تشویشناک ہے۔ انسانی حقوق کے اداروں کی بلوچستان میں جاری سنگین غیر انسانی جرائم کے خلاف خاموشی اور غیر سنجیدگی ایک عظیم انسانی المیے کا باعث بن رہی ہے۔

اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنان کو سالوں پابند سلاسل رکھنا ایک انسانی المیہ ہے جس کے لیے یو این ہیومن رائٹس کونسل کی جانب سے مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ اس کی کردار پر سوال ہے۔ زاہد بلوچ اور شبیر بلوچ سمیت سینکڑوں سیاسی کارکناں برسوں سے زندانوں میں پابند سلاسل ہیں اور تاحال اُن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ اس بیان کے توسط سے ہم ملکی اور بین القوامی سطح پر کام کرنے والے تمام انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ زاہد بلوچ کی جبری گمشدگی کو طویل عرصہ مکمل ہونے پر اُن کی با حفاظت بازیابی کے لیے یو این ہیومن رائٹس کونسل کو خط ارسال کی جائیں اور اِس حوالے سے تنظیم کی جانب سے بھی اقوام متحدہ کی اس کونسل کو خط ارسال کی جائے گی۔