نوشکی سے 3 نوجوان فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

702

بلوچستان کے ضلع نوشکی سے پاکستانی فورسز نے تین نوجوانوں کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا۔

ٹی بی پی نمائندہ نوشکی کے مطابق مذکورہ تینوں نوجوانوں کو مختلف علاقوں سے لاپتہ کیا گیا ہے۔ لاپتہ نوجوانوں میں ریاض بادینی، چنگیز بلوچ اور اعجاز بلوچ شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ریاض بادینی اور چنگیز بلوچ کو تین روز قبل نوشکی بازار کے قریب سے پاکستانی فورسز، فرنٹیئر کور اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لیکر لاپتہ کردیا۔ لاپتہ چنگیز بلوچ ایم سی بی بینک میں گن مین تھا۔

تیسرے نوجوان اعجاز بلوچ کو بھی گذشتہ روز حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا جس کے بعد ان کے حوالے سے کسی قسم معلومات نہیں مل سکی ہے۔ لاپتہ اعجاز بلوچ جورکین نوشکی کا رہائشی ہے جبکہ وہ بی ایم سی کا طالب علم ہے۔

واضح رہے سبی، کوئٹہ اور نوشکی سے مجموعی طور پر پانچ افراد کو گذشتہ تین روز کے دوران جبری طور پر لاپتہ کیا جاچکا ہے جبکہ گذشتہ دنوں ضلع مستونگ میں سی ٹی ڈی نے جھڑپ میں پانچ افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا تاہم تاہم بعد ازاں ٹی بی پی ذرائع سے معلوم ہوا کہ مذکورہ تمام افراد زیر حراست افراد تھے۔