خضدار میں بلوچ کلچر ڈے بنام شہداء و اسیران منایا گیا

312

بلوچستان کے ضلع خضدار میں بی این پی کی اپیل پر دو  مارچ بلوچ ثقافتی دن لاپتہ افراد اور بلوچ شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر سادگی سے منایاگیا۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر شفیق الرحمان ساسولی کی قیادت میں بی این پی کے ضلعی آفس سے پریس کلب تک لاپتہ افراد اور شہداء کے تصاویر اٹھائے لوگوں کی بڑی تعداد نے ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں لاپتہ افراد و شہداء کے لواحقین کے ساتھ ساتھ بی این پی، بی ایس او، اور نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کےکارکنان شریک تھے۔

پریس کلب خضدار کے سامنے مقررین نے شہداء کلچرل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ثقافت کے بہت سے رنگ ہیں، مگر آج ہم وہ تمام رنگ اپنانے سے معزور و محروم کیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہزاروں افراد شہید اور لاپتہ ہیں انکے غم میں آج ہم اپنا عظیم ثقافتی دن سادگی سے منارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کے توسط سے ظالم و جابر اور غاصبوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ دن ضرور آئیگا کہ ہمارے بچوں کی آہ دشمن کو ضرور لگے گی۔

مقررین نے کہا کہ بلوچ ثقافت کی بنیاد بلوچ شہداء کی لہو سے رکھی گئی ہے اور شہداء کی عظیم قربانیاں ثقافت کی محافظ ہیں۔

خیال رہے کہ دو مارچ بلوچ کلچرل ڈے کی مناسبت سے بلوچستان بھر میں پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے اور بیشتر علاقوں میں منعقدہ تقریب شہداء اور لاپتہ افراد کے نام سے منسوب کیے گئے ہیں۔