بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کا وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات، صرف وعدے اور یقین دہانیاں ملی – لواحقین

1043

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں آج بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرکے انہیں بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے شکار افراد کی فہرست فراہم کی گئی۔.

بلوچستان میں لاپتہ افراد کیلئے سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصرا اللہ بلوچ کی سربراہی میں لاپتہ ڈاکٹر دین محمد کی بیٹی سمی بلوچ اور لاپتہ شبیر بلوچ کی ہمشیرہ سیما بلوچ نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور اپنے پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

اس ملاقات میں وفاقی وزیر انسانی حقوق شرین مزاری اور زبیدہ جلال بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت لاپتہ افراد مسئلے پر سنجیدہ ہے، اور ایمانداری سے اس مسئلے پر کام کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کو بلا کر لاپتہ افراد کے مسئلے پر بات کرونگا اور لاپتہ افراد کے بازیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ان کے لواحقین کی طرف سے رواں سال کے فروری میں اسلام آباد میں ایک احتجاجی دھرنا دیا گیا تھا اور 10 روز سے ڈی چوک پر احتجاج کرنے والے لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے وزیر اعظم عمران خان سے مارچ کے مہینے میں ملاقات کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کر دیا تھا۔

آج ہونے والے ملاقات کے حوالے سے سمی دین نے سماجی رابطوں کی سائٹ پر کہا کہ ڈی چوک پر دھرنے کو ختم کرانے کے وقت حکومت نے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی کہ جب ہماری ملاقات وزیراعظم عمران خان سے ہوگی تو ہمارے لاپتہ پیاروں کے بارے میں ہمیں معلومات دی جائیگی۔ لیکن حیرانگی کی بات ہے وزیراعظم کو ان کے نمائندوں نے لاپتہ افراد کی فہرست تب نہیں بلکہ آج حوالے کیا۔