بلوچستان میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے

179

پاکستان کے وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی اداروں کی بندش میں 11 اپریل تک توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے 9 اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کورونا پھیلاؤ تشویشناک ہے۔

سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کورونا کا پھیلاؤ قدرے کم ہے، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، گجرات، سیالکوٹ، سرگودھا اور ملتان میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

پنجاب کے دیگر اضلاع میں پرانے شیڈول کے مطابق سکول کھلیں گے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی بورڈز کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، نویں تا بارہویں کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے، صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کیمبرج کیساتھ میٹنگ کریں گے۔

کیمبرج کے امتحانات جلد شروع ہو رہے ہیں، کیمبرج کے ساتھ گفتگو کے بعد اعلان کریں گے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے سکول سیل کر دیئے جائیں گے، 7 اپریل کو دوبارہ این سی او سی کا اجلاس ہوگا۔

خیال رہے اس سے قبل این سی او سی کی جانب سے ہر قسم کے تعلیمی ادارے 15 سے 28 مارچ تک بند کیے گئے تھے۔