گوادر: ٹرالرنگ کے خلاف ماہی گیر سراپا احتجاج

246

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ماہی گیر سراپا احتجاج، ٹرالرنگ کے خلاف جیونی، گوادر کے ماہی گیروں کا گوادر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، شدید نعرے بازی، مظاہرین سے ماہی گیر اتحاد کے صدر حاجی خداداد واجو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر، جیونی کے سمندر کو ٹرالر مافیہ کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا جس سے ماہی گیری کے خاتمے کا خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر، جیونی اور ساحلی علاقوں کا ذریعہ معاش ماہیگری ہے لیکن غیر قانونی ٹرالرنگ سے مقامی ماہی گیر نان شبینہ کے محتاج ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت اور محکمہ فشریز اسکی تدارک میں ناکام ہوچکے ہیں اور ماہانہ کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود وہ اس ٹرالرنگ کو روک نہیں سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ فشریز سمندر میں گشت نہیں کررہا ہے اور ہمارا شکار کا وقت رات کو ہوتا ہے لیکن خوف کی وجہ سے ہم شکار کرنے نہیں جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر مقامی بااثر لوگ مقامی ماہیگروں پر تشدد کرتے ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ اگر بلوچستان حکومت اور محکمہ فشریز اسکی روک تھام نہیں کرسکے تو ساحلی علاقوں کے تمام ماہیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔

یاد رہے کہ گوادر، جیونی اور بلوچستان کے دیگر ساحلی علاقوں کے ماہیگر عرصہ دارز سے غیر قانونی ٹرالرنگ اور کھوسٹ گارڈ کے رویہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں تاہم ابتک صوبائی حکومت انکی داد رسی نہیں کرسکا ہے۔