کیچ: ہوشاپ میں پاکستانی فورسز پر حملہ

394
File Photo

بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستانی فورسز کو مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

حملہ ہوشاپ کے علاقے میں پاکستانی فورسز کے پوسٹ پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں فورسز اہلکاروں کے جانی اور مالی نقصانات اٹھانے کی اطلاعات ہیں۔

گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستانی فورسز پر بلوچستان میں یہ دوسرا حملہ ہے قبل ازیں خاران کے علاقے بیہی میں مسلح افراد نے راکٹوں اور دیگر ہتھیاروں سے فورسز پوسٹ کو نشانہ بنایا تھا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق حملے میں پاکستانی فورسز کے پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ جانی نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔

جمعرات کو ایک حملے میں، ضلع خضدار میں سی پیک پروجیکٹ پر کام کرنے والی تعمیراتی کمپنی کے ایک گاڑی کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔

بی ایل اے ترجمان جیئند بلوچ نے بیان جاری کرتے ہوئے اس سے قبل کوئٹہ اور قلات میں ہونے والے دستی بم حملوں کی بھی ذمہ داری قبول کی تھی۔

رواں مہینے کی 18 تاریخ کو بلوچ لبریشن آرمی نے کوہلو کے علاقے کاہان میں ایک شدید نوعیت کے حملے میں پاکستان فورسز کے پوسٹ کو قبضے میں لیا تھا۔ حکام نے حملے میں چار اہلکاروں کی ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

خاران اور ہوشاپ حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔