کوہلو: بمبور میں فوجی آپریشن کا آغاز، ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کی پروازیں

347

بلوچستان کے ضلع کوہلو اور ڈیرہ بگٹی کے درمیانی علاقے بمبور میں پاکستانی فوج نے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ آپریشن میں ہیلی کاپٹروں سمیت جاسوس طیارے حصہ لے رہے ہیں۔

فوجی آپریشن بمبور کے علاقے ڈُل اور گردنواح میں کی جارہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹروں کو مذکورہ علاقے کے مختلف مقامات پر فورسز اہلکاروں کو اتار چکے ہیں جبکہ گن شپ ہیلی کاپٹروں کو شیلنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

مذکورہ علاقے میں مالداری کے پیشے سے وابسطہ افراد رہائش پذیر ہیں۔ جبکہ حکام نے تاحال آپریشن کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

گذشتہ دنوں باوثوق ذرائع سے اطلاعات تھی کہ پاکستان کے اعلیٰ سطحی عسکری اداروں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایک وسیع اور شدید نوعیت کے فوجی آپریشن کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔  آپریشن کا فیصلہ سی پیک روٹ پر ہونے والے متعدد حملوں کے بعد پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کو تحفظ فراہم کرنے اور بولان و گردونواح میں فورسز پر حالیہ شدید حملوں کے بعد لیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق نئے منصوبے کے تحت بلوچستان میں پہلے سے جاری آپریشنوں کے سلسلے میں تیزی اور وسعت لائی جائے گی۔ اس شدید نوعیت کے آپریشن کا دائرہ کار بلوچستان کے مکران، بولان، کوہلو اور قلات ریجن بتائے جاتے ہیں۔

چار روز قبل پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں آئی جی ایف سی سے ملاقات کی جس کے بعد بلوچستان میں وسیع پیمانے پر شدید نوعیت کے آپریشن کے امکانات کو تقویت ملی۔