کوہلو: بارودی سرنگ دھماکے میں ایک شخص ہلاک

449
File Photo

سنیچر کی صبح بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ یہ واقعہ ضلع کے تحصیل کاہان میں پیش آیا۔

لیویز رسالدار شیر محمد مری نے بتایا کہ دھماکے سے متاثرہ گل خان شدید زخمی ہوا تھا، لیویز نے زخمی شخص کو طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوہلو منتقل کیا تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق زخمی ہونے والا شخص زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اسپتال میں دم توڑ گیا۔

شیر محمد مری نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے اینٹی پرسن مائن کو سڑک کے کنارے نصب کیا تھا۔ مقتول اس علاقے سے گزر رہا تھا کہ وہ اس کے زد میں آگیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے میں اس نوعیت کے کسی اور واقعے سے بچنے کے لئے پورے علاقے میں کلئرینس آغاز کردیا ہے۔

واقعے کی تحقیقات کے دوران لیویز اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔

کوہلو بلوچستان کے حساس اضلاع میں سے ایک ہے۔ ماضی میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں علاقے میں پاکستانی فورسز اور ان کے حمایت یافتہ افراد کو بارودی سرنگوں اور دیگر حملوں میں نشانہ بناتے رہے ہیں۔