کوہلو آپریشن، دو افراد جانبحق، خواتین و بچے لاپتہ

406
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں پاکستانی فورسز کی جانب سے گذشتہ روز سے آپریشن جاری ہے، دوران آپریشن دو افراد جانبحق اور خواتین و بچے لاپتہ ہوچکے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کوہلو کے علاقوں ہیجی کور، ڈونگان، باریلی اور گردونواح کے علاقوں میں پاکستانی فورسز آپریشن کررہے ہیں جس میں گن شپ ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گھروں پر شیلنگ کے نتیجے میں دو افراد موران مری اور میران مری جانبحق ہوئے ہیں جبکہ مذکورہ گھر کے خواتین اور بچوں کو فورسز اہلکاروں نے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

اسی طرح مذکورہ علاقے میں جھونپڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا گیا ہے۔

خیال رہے گذشتہ سال کے اواخر میں پنجگور کے علاقے کیلکور میں پاکستانی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے ایک گھر پر شیلنگ کی تھی جس کے نتیجے میں سات افراد جانبحق ہوئے تھے۔

حکام نے تاحال کوہلو میں مذکورہ افراد کے مارے جانے کے حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے تاہم بلوچ قوم پرست حلقوں کے مطابق پاکستانی فوج اکثر عام آبادیوں کو نشانہ بناتی ہے۔