بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے رہنماء اسد خان اچکزئی کے اغواء اور قتل کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کے باعث شہر کے تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دارالحکومت کوئٹہ کے علاوہ دیگر شہروں چمن، پشین، ژوب، لورالائی، زیارت، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی، دکی، سنجاوی اور قلعہ عبداللہ میں بھی عوامی نیشنل پارٹی کی اپیل پر کاروباری مراکز بند ہیں اور یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ اسد خان اچکزئی عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر فائز تھے جنہیں 5 ماہ قبل کوئٹہ ائیرپورٹ روڈ سے نامعلوم افراد نے اغواء کرکے لاپتہ کردیا تھا اور پارٹی نے رواں ماہ رہنماء کی گمشدگی اور دیگر لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف پاکستان بھر میں احتجاج کیا تھا، تاہم گذشتہ روز انکی لاش نو حصار کے علاقے سے ایک کنویں میں برآمد ہوئی تھی۔
کوئٹہ پولیس کے مطابق اسد خان اچکزئی کی قتل میں ایک لیویز اہلکار ملوث ہے اور اسے گرفتار کیا گیا ہے۔