مستونگ: پانچ اور آٹھ سال سے لاپتہ 2 افراد بازیاب

481

بلوچستان کے ضلع مستونگ سے گرفتاری بعد لاپتہ ہونے والے دو افراد آج بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔ لواحقین نے دونوں افراد کی بازیابی کی تصدیق کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پانچ سال سے جبری طور پر لاپتہ اختر شاہ ولد انور شاہ جبکہ مستونگ ہی سے 8 سال قبل فورسز ہاتھوں لاپتہ ہونے والے نور اللہ ولد جان محمد بازیاب ہوگئے۔

یاد رہے گذشتہ چند روز سے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے جبری طور پر لاپتہ بیس سے زائد افراد بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں، بازیاب ہونے والوں کا تعلق بلوچستان کے مخلتف علاقوں سے تھا۔

دوسری جانب بلوچستان میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاج کرنے والی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق بلوچستان کے مخلتف علاقوں میں جاری آپریشنز میں مزید افراد کو گرفتار کرکے لاپتہ کیا جارہا ہے۔

دریں اثناء ‏29 اگست 2013 کو لدھا ضلع مستونگ سے لاپتہ لیویز اہلکار سعید احمد کی عدم بازیابی کے خلاف انکی اہلخانہ نے ڈی آفس کے سامنے احتجاج دھرنا دیا ہے۔

لاپتہ لیویز اہلکار کے ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ بھائی کی طویل جبری گمشدگی کی وجہ سے ہمارا خاندان ذہنی اذیت سمیت بہت سے مشکلات کا شکار ہے، آج ہم ڈی سی مستونگ کے دفتر کے سامنے احتجاج کررہے ہیں تاکہ وہ ہماری فریاد کو سنے اور ہمیں انصاف دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔