سری لنکن بلے باز تھرنگا کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

162

سری لنکا کے معروف اوپننگ بلے باز اپل تھرنگا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تھرنگا نے بین الااقوامی کرکٹ میں اپنے 15 سالہ کیرئیر کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے 36 سالہ تھرنگا نے 31 ٹیسٹ میچز میں ایک ہزار 754 رنز، 235 ون ڈے میچز میں 6 ہزار 951 رنز اور 26 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 407 رنز  بنائے ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں تھرنگا کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اب بین الاقوامی کرکٹ کو  الوداع کہنے کا وقت آگیا ہے۔

تھرنگا نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2017 میں پالی کیلے میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا جس میں انہوں نے صرف 12 رنز بنائے تھے اور اس میچ میں سری لنکا کو اننگز اور 171رنز سے شکست ہوئی تھی۔