جنوبی وزیرستان میں پاکستانی فوج کے چیک پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے میں چار اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی حملے میں چار حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں فورسز اور مسلح افراد کا مقابلہ ہوا اور اس دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 اہلکار مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 4 حملہ آور بھی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی عزیز اور سپاہی انیس الرحمان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے۔
حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔ ترجمان محمد خراسانی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ شب عشاء کے وقت جنوبی وزیرستان کی تحصیل مکین کے علاقہ رازین خولہ کے مقام پر تحریک طالبان پاکستان کے مجاہدین نے پاکستانی فوج کی پوسٹ پر ایک بڑا تعارضی حملہ کیا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں پاکستان فوج کے 12 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ مجاہدین کو فتح شدہ پوسٹ سے “کلاشنکوف” “جی تھری گن” اور دیگر اسلحہ غنیمت کی صورت میں ہاتھ آیا ـ حملے میں ہمارے تمام ساتھی محفوظ رہےـ