بھارتی سنیما کا بڑا ایوارڈ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کے نام

193

آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کو حال ہی میں دی دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈ 2021 میں ‘کریٹکس بیسٹ ایکٹر’ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ممبئی میں دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈز 2021 کی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس ضمن میں دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے سشانت کو ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔

خیال رہے کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2008 سے ایک ٹی وی شو سے کیا تھا اور پھر چند سالوں بعد انہوں نے ٹی وی کی دنیا سے آگے بڑھ کر فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔

سشانت سنگھ راجپوت نے 2013 میں فلم ‘کائے پو چے’ سے بالی وڈ فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کیا تھا جس میں ان کی اداکاری کو خوب پسند کیا گیا تھا۔

گزشتہ سال 14 جون کو اداکار سشانت سنگھ راجپوت اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے اور اب ان کی خودکشی کے معاملے میں سی بی آئی، ای ڈی اور این سی بی کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔