اسلام آباد مظاہرہ ایوانوں تک اپنی آواز پہنچانا ہے، تمام مکاتب فکر کے لوگ شرکت کریں – ماما قدیر

449

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں لاپتہ افراد کے لواحقین کا احتجاج کا مقصد ایوانوں تک اپنی آواز پہنچانا ہے کیونکہ ان ایوانوں میں بیٹھے افراد کو کوئٹہ سے لاپتہ افراد کے لواحقین کی آہ و بکا سنائی نہیں دیتی ہے۔

ماما قدیر بلوچ کا کہنا ہے کہ کراچی پریس کلب کے سامنے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا احتجاج جاری ہے جبکہ ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے گذشتہ روز سے احتجاجی کیمپ قائم کرچکے ہیں جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو شرکت کرکے اظہار یکجہتی کرنی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء محسن داوڑ، نیشنل پارٹی رہنماء اکرم دشتی اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان کاکڑ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے کیمپ جاکر لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی۔

اسلام آباد، دوسرے روز احتجاج جاری

انہوں نے کہا کہ محسن داوڑ کو کوئٹہ میں لاپتہ افراد کے کیمپ آمد سے روکا گیا لیکن وہ اپنے وعدے پر قائم رہتے ہوئے گذشتہ روز اسلام آباد میں لواحقین کے پاس پہنچ گئے۔

ماما قدیر نے کہا کہ ہم انسانی حقوق کے تنظمیوں، سماجی تنظمیوں سمیت عالمی میڈیا کے نمائندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار سمیت ان کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں کردار ادا کریں۔