اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں بلوچستان کے طلباء کی داخلوں سے محرومی تشویشناک ہے – بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل

149

بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل ملتان کے مرکزی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کی تعلیمی زبوں حالی کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں جہاں بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن کیلئے محدود یونیورسٹیاں میسر ہیں ان کی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے وہی تسلسل کے ساتھ پنجاب کے تعلیمی اداروں نے بلوچستان کے طلباء کیلئے تعلیمی دروازے بند کرنے کی ٹھان لی ہے۔

اس سال ایڈمشن کا عمل شروع ہوتے ہی بہاوالدین زکریا یونیورسٹی میں بلوچ طلباء کیلئے مختص نشتیں ختم کرنے کا اعلان ہوا ساتھ ہی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے بھی اوپن میرٹ پر آنے والے طلباء کیلئے تعلیمی قدغنیں لگانے کا آغاز کیا جس پر بلوچ اسٹوڈنٹس کونسلز نے بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا اور تعلیم کیلئے پیدل مارچ تک کرنا پڑا مگر اس کے باوجود جس مائنڈ سیٹ کے ساتھ بلوچستان کے طلباء کیلئے تعلیمی پابندیاں لگائی جارہی تھی اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جس کی واضح مثال سپرنگ ایڈمشنز میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے اوپن میرٹ پر آنے والے طلباء کو داخلہ دینے سے انکار کرنا ہے بلوچستان کے طلباء کو داخلوں سے محروم رکھنا باعث تشویش ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل ملتان حکام بالا سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ بلوچستان کے طلباء پر رحم کیا جائے ان کے ساتھ یہ سلوک ناقابلِ قبول ہے اگر یہ روش برقرار رکھی گئی تو بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل ملتان اسلامیہ یونیورسٹی بہالپور کے طلباء کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔