ہزارہ برادری و حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام

301

بلوچستان کے علاقے مچھ میں نام نہاد عالمی مذہبی شدت پسند گروہ داعش کے ہاتھوں قتل ہونے والے ہزارہ برادری کے مقتولین کے لواحقین نے لاشیں دفنانے سے انکار کر دیا ۔

 اطلاعات کے مطابق حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد  ہزارہ برادری کا دھرنا کوئٹہ میں جاری ہے ۔

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید سمیت بلوچستان کے حکومتی  وزرا ء نے مظاہرین سے ملاقات میں کہا کہ سانحے پر شرمندہ ہیں، آپ شہداء کی تدفین کریں ،تاہم مظاہرین نے تمام تر یقین دہانیوں کو مسترد کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے کوئٹہ آنے کا مطالبہ کردیا۔

خیال رہے کہ  مچھ کے علاقے گیشتری میں نام نہاد مذہبی شدت پسند گروہ داعش کے حملے میں قتل ہونے والے کان کنوں کے لواحقین اور مجلس وحدت المسلمین کا کوئٹہ شہر میں مغربی بائی پاس پر دھرنا جاری ہے۔

شدید سردی کے باوجود ہزارہ برادری کی خواتین، بچوں اور بزرگوں کی ایک بڑی تعداد دھرنے میں موجود تھی، مختلف سیاسی و قبائلی عمائدین نے دھرنے میں شرکت کر کے لواحقین اور ہزارہ برداری سے اظہار یکجہتی کیا ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی اور ایف سی حکام مظاہرین سے مذاکرات کے لئے پہنچے تاہم مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا۔

 پیر کی شب بلوچستان حکومت کے  وزراء ظہور بلیدی اور نور محمد دمڑ بھی مظاہرین سے مذاکرات کے لئے پہنچے اور سانحہ مچھ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

 ظہور بلیدی نے لواحقین سے اپیل کی وہ میتوں کی تدفین کریں ،تاہم سابق وزیر مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء آغا رضا اور مظاہرین نے کہا کہ حالات جس نہج پر پہنچ چکے ہیں اب بات صرف وفاق سے ہوگی، وفاقی نمائندگان دھرنے کے شرکاء سے آکر مذاکرات کریں۔

 انہوں نے کہا کہ بلوچستان  حکومت کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے دو دن گزرنے کو ہیں لیکن بلوچستان  حکومت کا کوئی نمائندہ لواحقین سے نہیں ملا، بے دردی سے ذبح کئے جانے کے واقعہ پر بلوچستان  حکومت کی کان پر جوں تک نہیں رینگی ،قاتلوں کی گرفتاری تک میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری رہے گا ۔

مجلس وحدت مسلمین سید آغا رضا محمد کے رہنماء سابق وزیر سید آغا رضا محمد اور شہداء ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے سانحہ مچھ  کی جوڈیشل انکوائری کروانے،مچھ انتظامیہ کو برطرف کرکے شامل تفتیش کرنے اور شہداءکے خاندانوں کو فوری طور پر معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیااور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ آئیں اور ان سب معاملات کو دیکھیں۔

پاکستانی وزیر داخلہ  شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ مچھ سانحہ ظلم و زیادتی ہے ، اس سانحے پر شرمندہ ہوں۔

شیخ رشید نے مظاہرین کو بتایا کہ وزیراعظم نے پیغام دیا ہے کہ کسی صورت سانحہ مچھ کے مجرموں کو نہیں چھوڑیں گے، یقین دلاتا ہوں سانحہ مچھ کے ذمہ داران نہیں بچیں گے۔