کوہلو میں کریمہ بلوچ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا

441

بلوچستان کے علاقے کوہلو میں کریمہ بلوچ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ جنازے میں سیاسی و سماجی کارکنان اور دیگر نے شرکت کی غائبانہ نماز جنازہ آج ساڑھے گیارہ بجے عیدگاہ میں ادا کی گئی۔

غائبانہ نماز جنازہ کی امامت بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ملک گامن مری نے ک۔ نماز جنازہ میں کوہلو کے مختلف سیاسی پارٹیوں کے ممبران سمیت شہریوں نے شرکت کی اور کریمہ بلوچ کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔

کریمہ بلوچ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے والے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم نے شہید بانک کریمہ بلوچ کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھانے کے لئے علماء کرام کو دعوت دی لیکن انہوں نے نماز جنازہ پڑھانے سے انکار کردیا جس پر بی این پی کے رہنماء نے خود نماز جنازہ پڑھایا۔

خیال رہے گذشتہ دنوں خضدار میں بھی مذہبی جماعتوں کی جانب سے کریمہ بلوچ کے نماز جنازہ کی مخالفت کی جس پر بی این پی خضدار کے رہنماء شفیق الرحمٰن ساسولی خود نماز جنازہ پڑھایا تھا۔

شفیق الرحمٰن ساسولی کا کہنا تھا کہ کریمہ بلوچ قومی غیرت کا نام تھی ان کے لاش کی بے حرمتی کرنا اور جنازے میں لوگوں کو شرکت سے روکنا انتہائی قابل مذمت ہے۔

شفیق الرحمٰن ساسولی کا مزید کہنا تھا کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، اگر کوئی ڈرپوک ہمارے نماز جنازہ میں لوگوں کو شرکت سے روکے گا یا نماز جنازہ پڑھانے سے روکے گا ہم میں سے ہر ایک اہل ہے کہ اپنے جنازے خود پڑھائیں۔