کراچی: شہید کریمہ بلوچ کی جسد خاکی کا قومی اعزاز کے ساتھ استقبال ہوگا – بلوچ یکجہتی کمیٹی

856

بلوچ یکجہتی کمیٹی تمپ کے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ شہیدِ وطن بانک کریمہ بلوچ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اعزازیہ طور پر کراچی میں اُن کی جسد خاکی کا بھر پور قومی اعزاز کے ساتھ استقبال کیا جائے گا جبکہ تدفین کے لیے جسد خاکی کو ریلی کی شکل میں شہید کے آبائی گاؤں تمپ لے جایا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید بانک کریمہ بلوچ کی جسد خاکی 24 جنوری بروز اتوار صبح چار بجے کراچی ایئرپورٹ پہنچ جائے گی جہاں جم عفیر کی صورت میں اُن کا استقبال کیا جائے گا۔ کراچی ایئرپورٹ سے جسد خاکی کو لیاری لے جایا جائے گا جہاں صبح دس بجے مولوی غسمان پارک (بیاءِ باغ) میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ لیاری میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کے لیے ریلی کی شکل میں انہیں اُن کے آبائی وطن تمپ لے جایا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ بانک کریمہ بلوچ قومی رہنماء تھی جنہوں نے بلوچ قومی بقاء کے لیے سیاسی جدوجہد کا راستہ اپنایا۔ بلوچستان میں سیاسی سرگرمیوں پر قدغن کے باعث اُن کی اپنی سرزمین اُن کیلئے تنگ پڑ گئی اور بلوچ قوم کے لیے کینیڈا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے جہاں گذشتہ ماہ 20 دسمبر کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں سفاکانہ طور پر قتل کیا گیا۔ شہید بانک کریمہ کی بلوچ قوم کے لیے قربانیاں قابل ستائش ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی بلوچ عوام سے اپیل کرتی ہے کہ بانک کریمہ بلوچ کے جسد خاکی کا اعزازیہ استقبال کے لیے جلداز جلد کراچی پہنچ جائیں اور شہید وطن کی استقبال کے لیے بھر پور تیاری کریں۔